
اسلام آباد: سیکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد کی چار جامعات کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے بعض تعلیمی اداروں پر حملوں کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی اداروں نے اس حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے جس کے بعد حملوں اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چار یونیورسٹیوں کو بند کردیا گیا ہے۔
رات گئے سیکیورٹی اداروں نے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی کہ آیا گرفتاریاں عمل میں آئیں گی یا نہیں۔
تھریٹ وارننگ میں کالعدم تنظیم کی جانب سے خودکش حملوں سمیت یونیورسٹیوں پر حملوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان یونیورسٹیوں میں قائداعظم یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی شامل ہیں جنہیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور اس بارے میں طلباء کو رات گئے آگاہ کیا گیا۔
یہ جامعات طلبہ کے لیے کب کھولی جائیں گی، اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا گیا، امکان ہے کہ یہ یونیورسٹیاں کئی روز تک بند رہیں گی۔