سوات(بیورورپورٹ) سوات میں 3 تا 7 مارچ 2024 تک پولیو سے بچاؤ اور وٹامن اے کے قطرے پلانے کی قومی مہم شروع کی جائیگی اس سلسلے میں ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ عبد الطیف کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں پانچ روزہ پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پلانے کے مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو بابوزئی لقمان خان کے علاوہ ڈی ایچ اوسوات ڈاکٹر محمد سلیم خان، ای پی آئی کوارڈینیٹر ڈاکٹر لیاقت علی، این سٹاپ آفیسرز ڈاکٹر ذیشان، ایئریا کوارڈینیٹر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر خواجہ عرفان، ڈویژنل ای پی آئی افسر ڈاکٹر سہراب،محکمہ بلدیات،تعلیم، صحت، پولیس اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔فورم کو این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر ذیشان نے پولیو کیمپین کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں مہم کے دوران 318336 گھرانوں میں موجود 467955 بچوں کو گھر گھر جاکر پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے 450 ایریا انچارج اور 100 یونین کونسل میں میڈیکل آفیسرزکے زیرِ نگرانی 2026 ٹیمیں تشکیل دی جاچکی ہیں جوبچوں کو گھر گھر جاکرپولیو سے بچاؤ کے ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائیں گے اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے 22 آفسران بطور ڈی پی ایم ٹی ضلعی سطح پر جبکہ 72 ٹی ٹی ایم یونین کونسل سطح پر اس مہم کی نگرانی کرینگے۔ جبکہ ڈاکٹر انور جمال نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ای پی آئی پروگرام کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ حفاظتی ٹیکہ جات کے کوریج اور بیماریوں کے روک تھام اور ان کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کئے گئے جملہ اقدامات سے فورم کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران پولیو مہم کی تیاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ای پی آئی پروگرام کی پیش رفت اور کارکردگی بہتر بنانے پر بھی بحث کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ عبد الطیف نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پولیو اہلکاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ایک محب وطن شہری کی حیثیت سے پولیو جیسے مہلک مرض سے نجات کے لئے حکومت کا ساتھ دیں۔بعد ازا ں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ عبد الطیف،ڈی ایچ اوسوات ڈاکٹر محمد سلیم خان،اسسٹنٹ کمشنر ریونیو بابوزئی لقمان خان نے بچے کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلاکر ضلع سوات میں مہم کا افتتاح کیا۔