
ملاکنڈ (محمد انس) پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) ملاکنڈ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایف سی، اے ایف سی، اے ڈی انڈسٹریز، انسپکٹر ویٹ اینڈ میژرز اور بٹخیلہ، درگئی و تھانہ بازار کی ٹریڈ یونین سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف اضلاع کی پرائس کمیٹیز کے آشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور ضلع ملاکنڈ میں مارکیٹ ریٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اس جائزے کے بعد نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت دی کہ ان قیمتوں پر عملدرآمد کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے قیمتوں میں استحکام ضروری ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔