
وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے مشیر سیاحت زاہد چن زیب کو مانسہرہ کیلئے موبائل ہسپتال کی چابیاں حوالے کر دیں
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ اور مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب نے وارسک روڈ پر واقع ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے مشیر سیاحت زاہد چن زیب کو انکے حلقہ نیابت پی کے 38 مانسہرہ میں دور دراز پسماندہ مگر سیاحتی علاقوں کے مریضوں کیلئے جدید موبائل ہسپتال اور اسکی چابیاں حوالے کیں۔ نظامت صحت کے ایڈیشنل ڈی جی ایڈمسنٹریشن ڈاکٹر سراج اور ڈی ایچ او مانسہرہ مشتاق تنولی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ موبائل ہسپتال بارے بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سراج کا کہنا تھا کہ اس موبائل ہسپتال میں فرسٹ ایڈ، گائنی، چلڈرن و جنرل چیک اپ سمیت علاج کی جدید سہولیات دستیاب ہیں اور اسے دور دراز علاقوں میں میڈیکل کیمپس کیلئے خصوصی طور پر تشکیل دیا گیا ہے۔ مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے اس موقع پر اپنے تاثرات میں کہا کہ وہ انکے حلقہ کے لوگ وزیر صحت و ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے مشکور ہیں کہ ہمارے غریب عوام کیلئے یہ سہولت فراہم کی۔ مستقبل میں بھی ایسی سہولیات فراہم کی جائینگی
انہوں نے کہا کہ یہ موبائل مانسہرہ کے پسماندہ علاقوں کے علاؤہ وہاں کے سیاحتی مقامات میں بھی بروئے کار لایا جائے گا۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مانسہرہ جیسے پسماندہ علاقوں میں صحت کی بہترین سہولیات عوام کی دہلیز پر مہیا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے کے ہر کونے میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرینگے۔