
32 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔
ضلع خیبر (صائم افریدی)کاروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ ڈیڑھ ماہ قبل بھی وادی تیراہ میں مشترکہ کاروائی میں 300 میلین روپے مالیت کے منشیات پکڑی گئی تھی۔
کسٹم ذرائع نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن اسلام آباد علی رضاء ہنجرا کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی کہ افغانستان سے کسی بھی وقت بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ ضلع خیبر کے دورآفتادہ علاقہ وادی تیراہ کے راستے پاکستان سمگل کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اسلام آباد نے خفیہ اطلاعات کو مصدقہ جان کر ڈائریکٹرکسٹم انٹیلی جنس پشاور شفقت علی خان کو ارسال کیا۔ جس پر شفقت علی خان نے مزید تحقیقات کی اور چند روز قبل تمام تر معلومات کا ضلع خیبر علاقہ وادی تیراہ میں فرنٹئیرکورنارتھ کے حکام کے ساتھ تبادلہ کیا ۔ کسٹم انٹیلی جنس اور ایف سی نارتھ کے جوانوں نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت افغان بارڈر کے متصل علاقہ وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں خفیہ ناکہ بندیاں کیں۔ اس دوران افغانستان سے مزدوروں کا روپ دھار کر بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرکے تیراہ منتقل۔کرنے کی کوشش کی اس دوران منشیات سمگل کرنے والے دو ملزمان کو حراست میں لیاگیا۔اور دوران حراست ملزمان سے 300 کلوگرام اعلی کوالٹی چرس اور ڈھائی کلوگرام افیون سمیت مختلف نوعیت کا اسلحہ برآمد کرلیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے منشیات سمیت کسٹم ہاوس پشاور منتقل کردیا گیا۔ کسٹم حکام کے مطابق پکڑی گئی منشیات کا بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 32 کروڑ روپے ہے۔
جبکہ پکڑی گئی اسلحہ کی مالیت سے متعلق معلومات کی جارہی ہے۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل 8 اپریل کو کسٹم انٹیلی جنس اہلکاروں نے ایف سی نارتھ کے ساتھ مل کر ضلع خیبر میں 300 میلین روپے مالیت کے منشیات پکڑے تھے
فرنٹئیرکور نارتھ اور کسٹم حکام پرعزم ہے کہ منشیات کے خلاف مل کر جدوجہد جاری رہے گی۔ دوران تفتیش اس امر کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ منشیات سمگلرز اپنی آمدنی سے دہشت گرد تنظیموں کو بھی نوازتے ہیں جس کا ملک کے امن وامان پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔