
زرعی یونیورسٹی پشاور کے ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی ایشورنس نے ڈیپارٹمنٹس کے چیرپرسنز ، انسٹیٹیوٹس کے ڈائرکٹرز اور ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی ایشورنس کے فوکل پرسنز کے لئے
"Revised Assurance Framework in Higher Education”
کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
ورکشاپ کا مقصد چیئرپرسنز، ڈائرکٹرز اور متعلقہ فوکل پرسنز کو ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اعلی تعلیم میں نظرثانی شدہ کوالٹی ایشورنس ڈھانچے کے بارے میں آگاہی دینا تھا۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر، زرعی یونیورسٹی ایمریٹس پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے ایسے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد پر کوالٹی ایشورنس ڈائریکٹوریٹ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نےاساتذہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی تربیت پر بھی توجہ دیں جس سے ایک مفید معاشرہ تشکیل پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی اولین ذمہ داریوں میں تعلیم اور تحقیق شامل ہیں۔ اس لئے وہ ریسرچ پراجیکٹس پر توجہ دیں جس سے نہ صرف مالی مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ یونیورسٹی رینکنگ بڑھنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ عمران اللہ مروت کے وسیع تجربے سے استفادہ کریں۔
ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس(UAP) ڈاکٹر خرم نواز سدوزئی نے ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ورکشاپ کو کامیاب بنانے میں شرکاء کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے ریسورس پرسن کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، خیبر پختونخواہ عمران اللہ خان مروت ورکشاپ کے ریسورس پرسن تھے. انہوں نے اعلی تعلیم میں کوالٹی ایشورنس کے نظرثانی شدہ ڈھانچے پر تفصیلی لیکچر دیا اور تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایشورنس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس موقعے پر ڈین فیکلٹی آف رورل سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد نواب اور رجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد بھی موجود تھے۔
ورکشاپ میں کثیر تعداد میں چیرپرسنز، ڈائریکٹرز اور فوکل پرسنز نے دلچسپی سے شرکت کی۔
ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی ایشورنس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شاہد، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ریاض، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران نواز اور سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وقاص نے ورکشاپ کے انتظامات کا اہتمام کیا۔