
سوات(بیورورپورٹ) اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام کالام سب آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور علاقے کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔
عوامی شکایات اور تجاویز کا محور کالام سڑک کی خراب حالت، سیاحتی مقامات تک رسائی میں مشکلات، اور علاقے کی ترقیاتی مسائل تھے۔ مقامی افراد نے کالام سڑک کی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ سڑک کی جلد از جلد تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ سیاحوں اور مقامی لوگوں دونوں کو سہولت میسر ہو۔
اس موقع پر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کالام سب آفس کے انچارج نظر شاہ نے عوامی شکایات کو سنجیدگی سے سنا اور یقین دلایا کہ مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ مین کالام سڑک کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا جا چکا ہے۔
عمائدین علاقہ نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سوات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوا، جہاں لوگوں کو براہ راست حکام سے گفتگو کا موقع ملا۔
….