سوات مٹہ: پولیس پر فائرنگ، سب انسپکٹر اور اہلکار زخمی، دو حملہ آور ہلاک

Spread the love

سوات(بیورورپورٹ) سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے باز خیلہ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت 2اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2حملہ آوربھی مارے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات ڈاکٹرزاہد اللہ خان کے مطابق اشاڑے پولیس چوکی کے انچارج سب انسپکٹر نورولی شاہ پولیس پارٹی کے ہمراہ پرائیویٹ موٹرکارمیں فائرنگ کی اطلاع ملنے پربازخیلہ جارہے تھے کہ راستے میں رکاؤٹیں کھڑی کرکے نقاب پوش افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر نورولی شاہ اورڈرائیورذکریازخمی ہوگئےاوران کی گاڑی نیچے کھائی میں جاگری۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں کوماردیا۔جن کے نام احمد حسین ولد امان ملک اورظاہر ولدعمراخان ساکنان جانو خوازہ خیلہ معلوم ہوئے ہیں جبکہ دیگر تین حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے ہیں۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جبکہ علاقہ مکینوں نے بھی مساجد میں اعلانات کرکے پولیس کی مدد کے لئے پہنچ گئے۔پولیس اور مقامی افراد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اورنقاب پوش حملہ آوروں کی لاشوں کو قبضے میں لے لیا۔زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال مٹہ اور بعدازاں سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حملہ آوروں کی لاشوں کوبھی پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کولواحقین کے حوالے کردیا گیا۔مٹہ پولیس نے دو ہلاک اور دیگر تین فرار ہونے والے حملہ آوروں کے خلاف دہشت گردی،اقدام قتل،نقصان رسانی، کارسرکارمیں مداخلت اورحکومتی رٹ کو چیلنج کرنے سمیت دیگردفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اس واقعے کی تفتیش کے لئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات ڈاکٹر زاہداللہ نے ایس پی انوسٹی گیشن سوات کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button