
واڑی(شیخ ابو سعید )
میرزو لطیف، دیر اپر کے علاقے واڑی نھاگدرہ کے گوگیال سے تعلق رکھنے والا نوجوان ہے جو کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ آپ ایک سرکاری ادارے میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر دیر اپر کی سیاحت کو بغیر کسی مالی معاوضے اور ذاتی مفاد کے فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ میرزو لطیف کی ویڈیوگرافی اور فوٹوگرافی میں مہارت اور ان کا انداز پیشکش منفرد اور قابل تحسین ہے، لیکن افسوس کہ ابھی تک آپ کی ان خدمات کو وہ پذیرائی نہیں ملی جو آپ کے شایان شان ہے۔
ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ میرزو لطیف جیسے باصلاحیت اور شریف النفس افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔ آپ نے دیر اپر کے مختلف سیاحتی مقامات جیسے شیل ٹاپ، کھٹورا لیک، سکائی لینڈ، اور ڈنڈو ٹاپ کو اپنے تخلیقی انداز میں پروموٹ کرنے میں ایک نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان میں سے کئی ویڈیوز نے میلینز میں ویوز حاصل کی ہیں، جو کہ دیگر وی لاگرز کی ویڈیوز کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔ میں نے خود بھی ان کی بہت سی ویڈیوز دیکھی ہیں، جو اکثر کاپی کی جاتی ہیں، لیکن اس کے باوجود میرزو لطیف نے کاپی رائٹ قوانین کے تحت کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی، حالانکہ وہ اس کا مکمل حق رکھتے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کا مقصد صرف دیر اپر کی مثبت تشہیر اور ترقی ہے، نہ کہ ذاتی مفادات کا حصول۔
یہ ہم سب کا فرض ہے کہ میرزو لطیف جیسے مخلص نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ اسی جوش اور لگن کے ساتھ اپنے علاقے کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں۔