
سوات(بیورورپورٹ) سوات سے تعلق رکھنے والے ننھے قاری نے لیبیا میں ہونے والے حفظ القرآن کے عالمی مقابلوں میں دنیا کے کم عمرترین قاری ہونے کا عالمی اعزاز حاصل کرلیا ۔ لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمیدالدبیبہ نے ان کو لیبیا کے خصوصی اعزاز کے ساتھ نقدی انعام اور عالمی اعزاز سے نوازدیا ۔ سوات کے مدرسہ تعلیم الاسلام کانجو کےدس سالہ قاری محمد بشار نے لیبیامیں ہونے والے حفظ القرآن کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندہ گی ۔ ان مقابلوں میں دنیا بھر سے 63 ممالک کے قراء اور حفاظ نے شرکت کی ۔ 7 روز تک جاری رہنے والے حفظ القرآن کے ان مقابلوں میں سوات کے ننھے قاری محدم بشار نے عالمی سطح پر چھٹی پوزیشن جبکہ دنیا کے کم عمر ترین قاری ہونے کا عالمی اعزاز حاصل کرلیا ۔ لیبیا میں ہونے والی شایان شان تقریب کے دوران لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے سوات کے ننھے قاری کو گلے لگایا ،بوسہ لیا اور پھر ان کو 15ہزاردرہم انعام کے ساتھ ساتھ لیبیا کے خصوصی اعزازکے ساتھ ساتھ دیگر عالمی اعزازات سے نواز ااوران کو اس بڑی کامیابی پر مبارکباد دی ۔دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ننھے قاری محمد بشار اپنے مدرسہ پہنچے تو ان کا شایان شان استقبال کیا گیا ۔ محمد بشار نے اس سے پہلے اسلام آباد اور کراچی میں ہونے والے قومی مقابلوں میں کئی اعزازات حاصل کئے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس ننھے قاری کو انعام اور شفقت سے نوازا تھا۔ ننھے قاری محمد بشارنے بتایا کہ میرایہ اعزاز صرف میرے لئے نہیں بلکہ یہ سوات اور پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے۔