
باجوڑ۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (ہیڈکوارٹر) خار ڈاکٹر صادق علی نے شہری علاقوں میں خصوصی صفائی مہم کا افتتاح کیا۔ مہم کا آغاز سکاؤٹس مارکیٹ اور ٹیکسی اسٹینڈ خار بازار میں آگاہی واک کے ذریعے کیا گیا۔ تحصیل چیئرمین حاجی سید بادشاہ، ٹی ایم اے کے عہدیدار، ٹریفک انچارج، صدر تجارتی یونین اور مارکیٹ کے دکانداروں نے بھی اس صفائی مہم میں بھرپور شرکت کی۔دورے کے دوران پانی کے فلٹریشن پلانٹ، جو نصب ہے مگر فعال نہیں، کا معائنہ بھی کیا گیا۔ پلانٹ کو فعال بنانے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطے کا فیصلہ کیا تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی سہولت میسر ہو۔ تاجر برادری کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ دکانداروں کو رضاکارانہ طور پر اس مہم میں شامل کریں اور مارکیٹوں میں صفائی کی مہم کا آغاز ٹی ایم اے کے تعاون سے کریں تاکہ یہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔صفائی مہم خار سب ڈویژن کے تمام بازاروں میں جاری رہے گی، جس میں خصوصی طور پر پانی کی فلٹریشن پلانٹ کی دیکھ بھال، نالیوں کی صفائی اور کچرے کی تلفی کے اقدامات شامل ہیں۔