
سوات(بیورورپورٹ)
کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، محمد عابد خان نے منگل کے روز ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کے ہمراہ سیدو ٹیچنگ ہسپتال اور سیدو میڈیکل کالج کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے پرنسپل سیدومیڈیکل کالج اور چیف ایگزیکٹوسیدوٹیچنگ اسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر نعیم اللہ سے ملاقات کی۔
چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق اور ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر نعیم اللہ نے سیدو ٹیچنگ ہسپتال اور سیدو میڈیکل کالج کے بارے میں کمشنر ملاکنڈڈویژن اور ڈپٹی کمشنرسوات کو تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر عابد خان نے سیدو ٹیچنگ ہسپتال کے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے میڈیسن ڈیپارٹمنٹ، این آئی ایس یو اور کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور مریضوں سے بھی ملاقات کرکے ان سے آگاہی حاصل کی ۔
کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کو ملنے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور جو دوائیاں دستیاب نہیں ہیں۔ ان کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بعدازاں انہوں نے سیدو میڈیکل کالج کے دورے کے موقع پر کمیونٹی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ اور اسکل لیب کا معائنہ کیا۔