ای او بی آئی کی سرمایہ کاری پورٹ فولیو 651 ارب روپے تک پہنچ گئی

Spread the love

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی مجموعی سرمایہ کاری پورٹ فولیو 31 اکتوبر 2025 تک بڑھ کر 651.03 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔’’ویلتھ پاکستان‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق پورٹ فولیو کی تقسیم سے ظاہر ہوتا ہے کہ ادارہ طویل المدتی مالی استحکام کے لیے فکسڈ انکم سیکیورٹیز، رئیل سٹیٹ اور ایکویٹی سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ دے رہا ہے، تاکہ ملازمین کو پینشن اور ریٹائرمنٹ سہولتوں کے لیے مضبوط مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

سرکاری پریزنٹیشن میں فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق فکسڈ انکم سرمایہ کاری پورٹ فولیو کا سب سے بڑا حصہ ہے جو 557 ارب روپے یعنی مجموعی مالیت کا 85 فیصد بنتا ہے۔ اس میں بنیادی طور پر پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (PIBs) شامل ہیں، جن کی مالیت 497.12 ارب روپے ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی بیز سے حاصل ہونے والے منافع کے واجبات 37.49 ارب روپے اور مارکیٹ ٹریژری بلز (MTBs) کی مالیت 5.1 ارب روپے بھی اسی زمرے میں شامل ہیں۔رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری پورٹ فولیو کا دوسرا بڑا حصہ ہے، جو 58.55 ارب روپے یعنی 9 فیصد پر مشتمل ہے۔ اس میں رئیل اسٹیٹ پراپرٹیز کی مالیت 42.36 ارب روپے اور رئیل اسٹیٹ منصوبوں کی مالیت 16.20 ارب روپے شامل ہے۔

رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری پورٹ فولیو میں تنوع پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے جو مہنگائی کے مقابلے میں تحفظ فراہم کرتی ہے اور فنڈ کے استحکام میں معاون ہے۔ایکویٹی سرمایہ کاری پورٹ فولیو کا نسبتاً چھوٹا لیکن اہم حصہ ہے، جس کی مالیت 35.49 ارب روپے یعنی 6 فیصد ہے۔ اس زمرے میں ‘اوویل ایبل فار سیل’ ایکویٹی کی مالیت 27.14 ارب روپے اور ‘ہیلڈ فار ٹریڈنگ’ ایکویٹی کی مالیت 8.35 ارب روپے شامل ہے۔

اگرچہ ایکویٹی کا حصہ محدود ہے، لیکن یہ طویل مدت میں زیادہ منافع کی صلاحیت رکھتا ہے۔سال 2025 کے لیے سرمایہ کاری آمدنی کا مجموعی تخمینہ 80.16 ارب روپے لگایا گیا ہے، جو مستقبل میں فنڈ کی آمدنی بڑھانے کی مضبوط صلاحیت کا اشارہ ہے۔ای او بی آئی کی سرمایہ کاری حکمت عملی بدستور محفوظ، مستحکم اور طویل المدتی ترقی پر مرکوز ہے، تاکہ پاکستان بھر کے لاکھوں محنت کشوں کے ریٹائرمنٹ فوائد کو بہتر بنایا جا سکے۔ متنوع سرمایہ کاری پورٹ فولیو کی بدولت ادارہ معاشی اتار چڑھاؤ کے باوجود مستحکم اور قابل اعتماد منافع یقینی بناتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button