
لاہور۔1دسمبر (اے پی پی):خواتین کی معاشی خودمختاری کے فروغ کے لئے ایک اہم پیشرفت کے طور پر پنجاب ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کی 40 یونیورسٹیوں کی طالبات کی جانب سے جمع کرائے گئے 54 کاروباری آئیڈیاز کو سیڈ فنڈنگ کے لئے شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ویلتھ پاکستان سے گفتگو میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ سلمیٰ سعدیہ نے بتایا کہ یہ آئیڈیاز ’’یوتھ پچ پروگرام‘‘ کے تحت فنانس کئے جائیں گے جس کا مقصد صوبے بھر میں خواتین انوویٹرز کو بااختیار بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خواتین یونیورسٹی طالبات کی کاروباری صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں عملی میدان میں قدم رکھنے کے قابل بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نوجوان خواتین کو وہ اعتماد، مہارتیں اور مدد فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے جو ان کے کاروباری آئیڈیاز کو کامیاب سٹارٹ اَپس میں بدل سکے، حکومت کا نعرہ ’’مضبوط عورت، مضبوط پنجاب‘‘ طالبات کو گریجویشن کے بعد ایک واضح اور عملی مستقبل کی سمت متوجہ کرتا ہے۔محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے ساتھ منسلک 40 یونیورسٹیوں کی طالبات کو پروگرام میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی جس کے نتیجے میں صوبے بھر سے متنوع کاروباری آئیڈیاز موصول ہوئے۔
سلمیٰ سعدیہ کے مطابق ایک شفاف اور منظم طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔ طالبات نے آن لائن درخواستیں جمع کرائیں جنہیں متعلقہ یونیورسٹیوں کی فیکلٹی کمیٹیوں نے تین موضوعاتی شعبوں کے تحت جانچا اور شارٹ لسٹ کیا تاکہ پروگرام کے اہداف سے مطابقت برقرار رہے۔انہوں نے بتایا کہ فی الحال 54 تخلیقی آئیڈیاز اگلے مرحلے کے لئے منتخب کئے گئے ہیں۔ اگلے ماہ ان منتخب امیدواروں کو اپنے آئیڈیاز پیش کرنے کے لئے بلایا جائے گا جبکہ ان کے لئے خصوصی تربیتی سیشن بھی رکھے گئے ہیں تاکہ نوجوان خواتین کو سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے۔
محکمہ بہترین آئیڈیاز کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹاپ 10 منصوبوں کو 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کی سیڈ فنڈنگ فراہم کرے گا تاکہ طالبات اپنے سٹارٹ اَپس کا آغاز کر سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے لئے یوتھ پچ پروگرام کے نفاذ اور توسیع کے لئے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں اور شفافیت یقینی بنانے کے لئے پورے نظام کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔
ایک یونیورسٹی طالبہ یمینہ احمد نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ اس پروگرام نے پنجاب کی خواتین طلبہ کو بے حد حوصلہ دیا ہے کیونکہ انہیں اپنے آئیڈیاز کو حقیقت میں بدلنے کا حقیقی موقع مل رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی طرف سے خواتین کو سپورٹ کرنا اور سیڈ فنڈنگ فراہم کرنا ایک خوش آئند قدم ہے جو طالبات کو سنجیدگی سے کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دے گا۔
یمینہ احمد نے کہا کہ خواتین آج مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں اور اسے اس بات پر فخر ہے کہ پنجاب کی سربراہی ایک خاتون وزیراعلیٰ کے پاس ہے جو خواتین کو ہر میدان میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہیں۔