
لاہور: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی فرنچائز فارچیون باریسال نے پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مبینہ فکسنگ کے الزامات کے بعد شعیب ملک کا فارچیون باریسل سے معاہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔
شعیب ملک نے میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے سے طے شدہ ذاتی وابستگیوں کی وجہ سے دبئی میں ہیں، وہ واپس جا کر کھیلنا چاہتے تھے لیکن لیگ انتظامیہ نہیں مانی، باقی تمام باتیں بکواس ہیں۔
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شعیب ملک کے خلاف مبینہ فکسنگ کی بازگشت پر فارچیون باریسال کا موقف بھی سامنے آگیا۔ بنگالی میڈیا کی غلط خبروں پر فارچیون باریسال ناراض ۔
ٹیم کے مالک میزان الرحمان نے کہا ہے کہ شعیب ملک ذاتی وابستگیوں کی وجہ سے دبئی گئے ہیں اور ذاتی وابستگیوں کے بعد 6 فروری سے ٹیم میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔
6 فروری کے بعد صرف دو میچز ہوئے جس کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ نے باہمی مشاورت سے شعیب ملک کا معاہدہ ختم کر دیا، شعیب ملک اچھے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے کھلنا ٹائیگرز کے خلاف اپنی پوری کوشش کی اور ہمیں ان سے کوئی شکایت نہیں ہے۔