شعبہ تحفیظ کے مقابلے

تحریر: اسماعیل انجم

Spread the love

قرآن کریم کی اہمیت و افادیت اور عظمت کو بیان کرنے کے لیے نزول قرآن سے لیکر تاحال علماء ،محققین اور مسلم فکر سے وابستہ مصنفین کے علاؤہ غیر مسلم محققین ، ریسرچ اسکالرز اور مغربی مستشرقین بھی لکھ رہے ہیں لیکن یہ خدائے وحدہ لاشریک کی قدرت و عظمت کا شاہکار مظہر ہے کہ تعریف ختم ہوتی ہے نہ کہنے والی کی زبان۔ ہر دور عہد سابق کی کمزوریوں کا ازالہ کرنے کی نیت سے اٹھ کر تحقیقات کرتے ہیں لیکن آنےوالے دور میں قرآن کریم اس سے زائد علوم و فنون کے دروازے وا کردیتا ہے ۔ اس وجہ سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ قرآنی علوم سے ادنی مناسبت رکھنے والا بھی عظیم منزل کی طرف پیش قدمی کر رہا ہے جس پر پہنچ کر فلاح و نجات کی ہوا بھی جسم کو تر و تازہ رکھتی ہے ۔ وہاں خسران و ندامت کا موسم خزاں آتا ہے نہیں بلکہ وہاں ہدایت کی بہار ہی بہار ہوتی ہے ۔
اس عظیم قافلہ حق سے وابستگی کے بعد اللہ تعالٰی نے مملکت خداداد پاکستان کے عظیم مستحکم تعلیمی اکائی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ساتھ جوڑ کر خدمت کا موقع دیا جو باعثِ فخر ہے۔ کچھ سال قبل راحت اللہ مدنی مسؤل وفاق المدارس آل دیر
کی بحثیت ضلعی مسؤل شعبہ تحفیظ وفاق المدارس ضلع دیر بالا و پایین تقرری کی گئی اور یہ وفاق کی سطح پر انکی پہلی ذمہ داری تھی ۔یہ انکی ذاتی خواہش نہ تھی بلکہ اکابرین کی خصوصی نظر کرم کا نتیجہ تھا اور الحمد للّٰہ تاحال اس منصب کی لاج رکھنے میں انھیں کوئی مشکل پیش نہیں آئی ۔ کچھ سال قبل جب اس نے یہ منصب سنبھالا تو دیر بالا و پایین کے تمام نامور قراء حضرات کو جمع کیا اور ان سے یہ گزارش کی کہ مدارس دینیہ میں حفظ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہمیں کچھ منفرد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کرنا ہوگا۔راحت اللہ مدنی نے آل دیر سے آٹھ اراکین پر مشتمل قراء کی کمیٹی بنائی۔جسمیں قاری سرتاج الدین ،قاری اسحاق ،قاری اسماعیل ،قاری حزب اللہ ، قاری فضل حق صاحب ،قاری انورتاج ،قاری زین اللہ اور قاری نیک بھادر شامل تھے۔ راحت اللہ مدنی کے ذہن میں مسابقات کا یہ سلسلہ شروع کرنے کا خیال آیا تھا تو چار چار افراد پر مشتمل دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی کہ وہ اس منصوبہ پر غور کرکے اس کو عملی شکل دینے کے لیے کوئی مناسب تجاویز مہیاء کریں۔ غور و خوض کا سلسلہ شروع ہوا اور طویل سوچ و بچار کے بعد بالآخر مسابقات کے لیے ایک باضابطہ طریقہ کار وضع کیا گیا اور اس کو عملی شکل دینے کے لیے ایک منظم ترتیب بنائی ۔ اس کے لیے ہر تحصیل کا ایک ذمہ دار مقرر کیا اور اس ذمہ دار کو مختلف فرائض سپرد کئے۔ یہ تمام تفصیلات طے کرنے کے بعد یہ منصوبہ صوبائی ناظم وفاق المدارس العربیہ صوبہ خیبر پختونخوا حضرت مولانا حسین احمد کے سامنے پیش کیا گیا جس کے لیے راحت اللہ مدنی نے خود جامعہ عثمانیہ شرفِ باریابی حاصل کی اور وہاں تفصیلی ملاقات میں صوبائی ناظم کو اپنے اس منصوبے سے آگاہ کیا۔ جس پر موصوف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کاوش کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ خود فائنل راؤنڈ کے لیے دیر تشریف لائیں گے ۔
اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سب سے پہلے تحصیل کی سطح پر مسابقہ کا آغاز کیا اور انتہائی پرسکون اور غیر جانبدارانہ ماحول میں مقابلوں کا انعقاد کیا جس میں ٹوٹل 427 کی تعداد میں طلباء کرام نے حصہ لیا۔ ان مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء کو نقد انعامات سے نوازا گیا ۔

اول پوزیشن
محمد اویس
مدرسہ تعلیم القرآن مٹہ خزانہ
دوم پوزیشن
قاسم ریاض
جامعۃ العلوم الاسلامیہ الخیریۃ تالاش
سوم پوزیشن
محمد ابرہیم
جامعہ دارالعلوم عرفانیہ دیر
چہارم پوزیشن
محمد علیم
جامعہ دارالعلوم محمودیہ ڈوگرام واڑی
پنجم پوزیشن
فضل اللہ
مدرسہ دارالادب لپکئ براول
اس کے بعد ہر ضلع کے تحصیل پوزیشن ہولڈرز (اول، دوم ، سوم) کا پہلے ضلع میں مسابقہ ہوا اور پھر ضلعی سطح پر پانچ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کا مسابقہ بین الاضلاع منعقد کیا۔ جس میں دونوں اضلاع دیر بالا اور پایین کے پانچ پانچ پوزیشن ہولڈرز طلباء کے مابین مقابلہ ہوا۔ یہ فائنل راؤنڈ تھا جس میں صوبائی ناظم وفاق المدارس مولانا حسین احمد مہمان خصوصی تھے۔ اور ججمنٹ کے فرائض وفاق المدارس شعبہ تحفیظ کمیٹی کے رکن فخرالقرآء قاری عبد الغفور اور ان کے دو رفقاء قاری رفیق اور قاری مفتاح الدین نے انجام دئیے۔ یہ آخری فائنل راؤنڈ جامعہ دارالعلوم محمودیہ ڈوگرام واڑی میں منعقد ہوا جو انتہائی پرسکون ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

ضلع دیر پائین میں اول پوزیشن یحییٰ جمال مدرسہ احسن العلوم تالاش سرائے بالا
ضلع دیربالا اول پوزیشن
توحید اللہ جامعہ دارالعلوم محمودیہ ڈوگرام واڑی
اس مسابقہ میں پوزیشن لینے والے طلباء کو نقد انعامات سے نوازا گیا اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور کوشش کریں گے کہ اس سلسلے کو مزید بہتر بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button