
مانسہرہ کے حلقہ این اے پندرہ سے منتخب رکن قومی اسمبلی شہزادہ گستاسپ خان نے عمائدین علاقہ کے ایک وفد کے ہمراہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب سے انکے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور سیاحت و ثقافت اور آثارقدیمہ کی وزارت کا قلمدان سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی نیز مختلف صوبائی محکموں سے متعلق مانسہرہ کے بعض عوامی مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ زاہد چن زیب نے ان مسائل و مطالبات کے مناسب ازالہ کا یقین دلاتے ہوئے اعتراف کیا کہ مانسہرہ کو ماضی کی حکومتوں میں قصداً نظر انداز رکھا گیا مگر پی ٹی آئی کی حکومت میں یہاں کی پسماندگی دور کرنے کا بیڑہ اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا حلقہ نیابت پی کے 38 بھی مانسہرہ سے ہے اور ہماری اب کوشش ہوگی کہ یہ علاقہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنے۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ انکی بھرپور کوشش ہوگی کہ دیگر سیاحتی مقامات کی طرح مانسہرہ میں بھی سیاحت کو فروغ دیکر روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں کیونکہ ماضی کی نگران حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف بیروزگاری بڑھی بلکہ مہنگائی میں بے انتہا اضافہ ہوا اور غربت کا گراف آسمانوں کو چھونے لگا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی فعال قیادت میں ہماری صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کا ایک نیا دور شروع کرے گی اور عوام کو ہم زبانی جمع خرچ پر ٹرخانے اور بلند بانگ دعووں کی بجائے لوگوں کی حقیقی معنوں میں خدمت کریں گے اور ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنا کر اپنے قائد تحریک عمران خان کا خواب شرمندہ تعبیر بنائیں گے۔