
کراچی: بھارت نے آئی سی سی کی باگ ڈور سنبھالنے کے خواب دیکھنا شروع کردیئے ہیں جب کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل کے اہم اجلاس منگل کو بالی میں شروع ہو گئے ہیں، بدھ کو اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے، اگرچہ نئے صدر کا انتخاب ایجنڈے میں شامل نہیں
تاہم اطلاعات ہیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر بننا چاہتے ہیں اس لیے وہ اے سی سی کی ذمہ داری چھوڑ سکتے ہیں۔
ایشین کونسل کے چیئرمین کی مدت ملازمت 2 سال ہے، روٹیشن پالیسی کے تحت ہر بورڈ کی سربراہی کا موقع دیا جاتا ہے، جے شاہ اپنی مدت ملازمت کے دوسرے سال میں ہیں۔
اس لیے اگر وہ واقعی آئی سی سی کا چیئرمین بننا چاہتے ہیں تو انہیں بدھ کو ایشین کونسل سے مستعفی ہونے کا اعلان کرنا ہوگا جس کے بعد نئے چیئرمین کی تقرری کا عمل شروع ہوگا۔
آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کی صورت میں انہیں بھارتی کرکٹ بورڈ بھی چھوڑنا پڑے گا، قواعد کے مطابق عالمی گورننگ باڈی کا سربراہ اپنے ملک کے بورڈ میں یہ عہدہ نہیں رکھ سکتا۔
آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے نومبر میں اپنی دوسری مدت پوری کرنے والے ہیں۔