
سوات(بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔پاکستان تحریک انصاف کی کارکنان کثیر تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اورنعرہ بازی کرتے ہوئے سوات پریس کلب کے سامنے پہنچے، مظاہر ین سے خطاب کرتے ہوئے اختر خان ایڈووکیٹ،ڈاکٹر خلیل، حیدر، اقبال کا کا جی، محمد رحمان، سعید خان اور دیگر نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے تحریک انصاف کو عوام نے ووٹ دیا ہے لیکن الیکشن کمیشن کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے کھلے عام دھاندلی کی گئی اور ملک بھر میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ملنے والی سیٹیں دیگر پارٹیوں کی امیدواروں کو دی گئیں، انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا بھی پاکستان میں دھاندلی کی باتیں کر رہی ہے، لہٰذا ملک کے تمام اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس کر کے تحریک انصاف کو مرکز اور صوبوں میں حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا جائے۔