
سوات(بیورورپورٹ)سوات کی تحصیل کبل، تحصیل مٹہ اور تحصیل خوازہ خیلہ میں جمعہ کے روز عزم استحکام آپریشن اوربدامنی کے خلاف امن ریلیاں نکالی گئیں۔ اولسی پاسون کے زیر اہتمام ہونے والی امن ریلیوں میں سفید جھنڈے لہرائے ہزاروں افراد نے ہم امن چاہتے ہیں کے نعرے لگاتے رہے۔ سب سے بڑی ریلی کبل میں نکالی گئی جہاں فضا مونگ امن غواڑو، مونگ جنگ نہ غواڑو کے نعروں سے گونج اٹھی۔شرکاء کے نعرے۔جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ کبل میں ہونے والی امن ریلی کی قیادت اولسی پاسون کے رہنما ادریس خان کررہے تھے۔ ممبر صوبائی اسمبلی حمیدالرحمن، چئیرمین تحصیل کونسل کبل سعید خان، اولسی پاسون کے رہنما آفتاب خان بھی شریک ہوئے۔تحصیل مٹہ میں ہونے والی ریلی کی قیادت سابق تحصیل ناظم مٹہ عبدالجبار خان کی ۔ ریلی کے شرکاء نے بڑی تعداد میں ہاتھوں میں پلے کارڈبھی اٹھارکھے تھے جن پر مونگ امن غواڑو، مونگ جنگ نہ غواڑو، دہشتگردی نامنظور جیسے نعرے درج تھے۔ مقررین نے اس موقع پر کہاکہ دہشت گردی کے شکار عوام دوبارہ دہشتگردی کسی بھی صورت برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔ پختون قوم امن پسند قوم ہے وہ کسی بھی صورت دوبارہ دہشتگردی کی متحمل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے باجوڑ اور تخت بھائی میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کی اور حکومت سے امن کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ سوات اور ملاکنڈ ڈویژن میں امن ہے اور ہم کسی بھی صورت امن کی فضا کو خراب کرنے کی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔