سوات: جماعت اسلامی کی 12 جولائی کو اسلام آباد دھرنے کی تحریک کا اعلان

Spread the love

سوات(بیورورپورٹ) جماعت اسلامی ضلع سوات نے مہنگی بجلی،لوڈ شیڈنگ اور ٹیکسز کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد دھرنے میں بھرپور شرکت کر نے کا اعلان کردیا،سوات سے ہزاروں افراد 13 جولائی کو اسلام آباد روانہ ہوں گے،صوبے میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کرتے ہوئے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم، اس حوالے سے سوات پریس کلب میں جماعت اسلامی ضلع سوات کی جانب سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی عہدیداروں قائم مقام امیر ڈاکٹر خالد فاروق، نائب امیر اختر علی خان،حبیب اللہ ثاقب،جنرل سیکرٹری حیدر علی،مینگورہ شہر کے امیر مجاہد فاروق،یوسف علی، حاجی یاسین،،برکت علی بابا سمیت کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام امیر خالد فاروق نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ”حق دو عوام کو ” مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، یہ تحریک عوامی ہوگی اور عوام کے حقوق کو حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ یہ صرف میڈیا تک محدود نہیں بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان حقیقی میچ ہوگا اور جیت عوام کی ہی ہوگی۔ ہم عوام کی نمائندگی کریں گے، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بجلی کے نرخ مہنگے کردئے ہیں، عوام پر بے جا ٹیکسز لگائے گئے ہیں جبکہ 2800 ارب ہم سے اس بجلی کی وصولی کی جا رہی ہے جو بجلی ابھی تک بنی نہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ گھریلو فی یونٹ 7 سے 10 روپے کیا جائے اور کمرشل 15 روپے تک لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، سرکاری اشرافیہ کے اخراجات بڑھ رہے ہیں جو اب قوم کی برداشت سے باہر ہے،جج، جرنیل، سرکاری افسران اور حکومتی نمائندوں کو تنبیہہ دیتے ہیں کہ اخراجات کم کریں بصورت دیگر عوامی احتساب کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن اور سوات کے عوام کے اوپر آپریشن کی تلوار لٹک رہی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ملٹری آپریشن مسئلے کا حل نہیں، ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور کسی بھی صورت فوجی آپریشن کے لئے تیار نہیں،نہ ہی قوم کو اعتماد میں لیا گیا اور نا ہی آپریشن کے اغراض و مقاصد سے قوم کو آگاہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی علی امین گنڈا پور نے آپریشن پر دستخط کئے ہیں اور اب عوام کو حقائق سے بے خبر رکھتے ہوئے غلط بیانی کر رہا ہے ،یہ آپریشن 21 سالوں سے جاری ہے اور فوج نے تمام حربے اس قوم پر استعمال کر لئے ہیں، ہم آپریشن اور دہشت گردی کے خلاف عوام کے ساتھ نکلیں گے، انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جماعت اسلامی کی تحریک میں ان کا ساتھ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button