
سوات(بیورورپورٹ)سوات میں والی سوات میاں گل عبدالحق جہانزیب کے116ویں یوم پیدائش کی تقریب ودودیہ ہال سیدو شریف میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران والی سوات ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے جس میں تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افراد کو ایوارڈ اور نقد انعامات دئے گئے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حامد بونیری ،والی سوات کی پوتی زیب النساء جیلانی چئیر پرسن ایس آر آئی، والئی سوات کے پرپوتے میاں گل امیرزیب شہریار اور مختلف تعلیمی اداروں کے افسران اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمحمد حامد بونیری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آر آئی کی جانب سے والی سوات ایوارڈ ایک خوش آئند اقدام ہے ، اس طرح کی سرگرمیوں سے لوگوں کو حوصلہ ملتا ہے ۔ ایس آر آئی کی چئیر پرسن زیب النساء جیلانی نے کہا کہ والی سوات نے یہاں کے لوگوں کو تعلیم سے روشناس کرایا، تعلیمی ادارے بنوائیں اور ایک ماڈل ریاست بنائی، آج ان کی پیدائش کے موقع پر والی سوات ایوارڈ کا مقصد لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور ان میں کچھ کرنے کا جزبہ پیدا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ریاستی دور میں تعلیم اور صحت کے میدان میں بہت کام ہوا، والی سوات نے یہاں کے لوگوں سے اپنی محبت کا والہانہ اظہار کیا، پہاڑوں کی چوٹیوں پر تعلیمی ادارے بنوائیں ، انہوں نے کہا کہ ایس آر آئی کے پلیٹ فارم سے والئی سوات کا مشن جاری رہے گا اور یہاں کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، تقریب می گلوکار شہاب شاہین نے ریاستی دور کا ترانہ پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔تقریب کے دوران علاقائی رقص اتنڑ کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔