پاکستان میں مرچ کی فصل کے زیرِ کاشت رقبے اور مجموعی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ

Spread the love

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):پاکستان میں مرچ کی فصل کے زیرِ کاشت رقبے اور مجموعی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اتوار کو’’ویلتھ پاکستان‘‘ کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں سیزن میں مرچ کی فصل کا زیرِ کاشت رقبہ 1.1 فیصد اضافے کے ساتھ 49 ہزار 500 ہیکٹر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال 49 ہزار ہیکٹر تھا۔ اسی طرح پیداوار میں بھی 0.5 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1 لاکھ 14 ہزار 400 ٹن تک جا پہنچی جو ایک سال پہلے 1 لاکھ 13 ہزار 800 ٹن تھی۔ تاہم قومی اوسط پیداوار 0.6 فیصد کمی کے ساتھ فی ہیکٹر 2 ہزار 312 کلوگرام رہی، جو گزشتہ سال 2 ہزار 325 کلوگرام تھی۔

دستاویز کے مطابق سندھ سب سے بڑا پیداوار کنندہ صوبہ رہا جس نے 35 ہزار 700 ہیکٹر رقبے سے 85 ہزار 300 ٹن مرچ پیدا کی۔ یہ اعدادوشمار پچھلے سال کے 35 ہزار 600 ہیکٹر کے تقریباً برابر ہیں۔ پنجاب نے 6 ہزار 900 ہیکٹر رقبے سے 17 ہزار 800 ٹن پیداوار حاصل کی جو پچھلے سال کے 18 ہزار ٹن سے 1.1 فیصد کم ہے، اگرچہ صوبے میں کاشت کا رقبہ 1.5 فیصد بڑھا۔بلوچستان میں مرچ کی پیداوار 2.9 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ہزار 500 ٹن رہی، جبکہ رقبہ 3.2 فیصد بڑھ کر 6 ہزار 300 سے 6 ہزار 500 ہیکٹر ہوگیا۔ خیبر پختونخوا میں کاشت اور پیداوار دونوں میں 56 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم مجموعی حصہ اب بھی معمولی رہا، یعنی صرف 800 ٹن۔پیداواریت کے لحاظ سے مختلف صوبوں میں رجحانات مختلف رہے۔

پنجاب میں فی ہیکٹر پیداوار 2.5 فیصد کمی کے ساتھ 2 ہزار 579.7 کلوگرام رہی جو گزشتہ سال 2 ہزار 647.1 کلوگرام تھی، جبکہ بلوچستان اور کے پی میں فی ہیکٹر پیداوار مستحکم رہی۔ سندھ نے اپنی روایتی بلند پیداوار برقرار رکھی جو 2 ہزار 389.4 کلوگرام فی ہیکٹر رہی۔پنجاب نے اپنی پیداوار کا تقریباً 90 فیصد اور رقبے کا 87.3 فیصد ہدف حاصل کیا۔ کے پی اپنے ہدف سے بالترتیب 22 فیصد (رقبہ) اور 21 فیصد (پیداوار) پیچھے رہا۔ اس کے برعکس، بلوچستان نے رقبے کے ہدف سے 8.3 فیصد اور پیداوار کے ہدف سے 11.1 فیصد زائد کارکردگی دکھائی، جبکہ فی ہیکٹر پیداوار میں 2.6 فیصد بہتری ریکارڈ کی۔سندھ، جو ملک کی مجموعی مرچ پیداوار کا 70 فیصد سے زیادہ حصہ فراہم کرتا ہے، اپنا پیداوار ہدف 26.4 فیصد سے حاصل نہ کر سکا، تاہم 2024-25 اور 2025-26 کے دوران فی ہیکٹر پیداوار مستحکم رہی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button