
سوات( بیورورپورٹ) موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کوکم کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے اسکول کے بچوں نے فن پاروں اور ماڈلز پیش کرکے حل ڈھونڈ لیا۔ اس حوالے سے تحصیل خوازہ خیلہ کے علاقے جانو میں گورنمنٹ ہائی اسکول میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں مختلف سرکاری اسکولوں کے بچوں نے موسمیاتی تبدلوں کے اثرات سے نمٹنے اور ماحول کو انسان دوست بنانے کے حوالے سے ماڈلز اور فن پارے پیش کئے۔اس تقریب کے مہمان خصوصت محکمہ تعلیم سوات کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فضل خالق تھے جبکہ اس موقع پر لاسونہ کے پروجیکٹ منیجر انورعلی،والدین اور اسکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور بچوں کی چھپی صلاحیتوں کو خوب سراہا۔ تقریب میں شریک کلائمیٹ چینج گروپ کے بچوں نے اپنی کاؤشوں سے شرکاء کو آگا ہ کیا۔ بچوں نے ٹیبلوز بھی پیش کئے اور ذیادہ سے ذیادہ درخت لگانے کا پیغام دیا۔اس موقع پرڈپٹی ڈی ای او فضل خالق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے پروگرامز سے بچوں میں آگاہی پیدا ہوگی اور ہماری خواہش ہے کہ اس طرح کی تقریبات دیگر اسکولوں میں بھی ہو تو اس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ پروجیکٹ منیجر لاسونہ انورعلی نے کہا کہ ہم مختلف علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے پروگرامز کررہے ہیں اور اس میں ہم سب سے ذیادہ بچوں کو اہمیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوات اور دیرمیں بچوں کو آگاہی کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جارہی ہے اور اس کے ساتھ ہاتھ دھونے اور فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی بچوں کو تربیت دے رہے ہیں تاکہ انسان دوست ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔