عید میلادالنبی کے موقع پر نائجیرین فوج کا غلطی سے ڈرون حملہ،
85 سے زائد افراد شہید نائیجیریا میں باغیوں کے خلاف آپریشن کے دوران فوج نے غلطی سے میلادالنبی کے اجتماع میں شریک شہریوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 85 افراد شہید اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائجیریا کی فوج نے ریاست کدونا کے ایگابی کونسل ایریا کے گاؤں توڈنبیری میں عسکریت پسند باغیوں کی میٹنگ کے بارے میں خفیہ اطلاع پر ڈرون حملہ کیا۔
نائیجیرین فوج نے جس مقام پر ڈرون مار گرایا وہاں باغیوں کے جلسے کے بجائے میلاد النبی منایا جا رہا تھا اور اس موقع پر خواتین اور بچوں سمیت 300 سے زائد افراد موجود تھے۔
نائجیرین فوج کے ترجمان نے حملے کے بعد افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی اور یقین دلایا ہے کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آئے گا۔
دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نائیجیریا نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرون حملے میں 120 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق 85 افراد کو دفن کیا گیا ہے۔