کاٹلنگ ( فیضیاب خان) مردان پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ایم بشیر عادل بلا مقابلہ صدر جبکہ اخونزادہ فضل حق جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے دیگر عہدیداروں میں فقیر حسین ہوتی نائب صدر ، خورشید وہاب جائنٹ سیکرٹری جبکہ پرویز شاہین فنانس سیکرٹری شامل ہیں ، مردان پریس کلب کے انتخابات برائے سال 2024 گزشتہ روز الیکشن کمشنر محمد یعقوب جہانزیب کی نگرانی میں مکمل ہوگئے ۔ جس میں صدارت کیلئے ایم بشیر عادل ، جائنٹ سیکرٹری کیلئے خورشید وہاب اور فنانس سیکرٹری کیلئے پرویز شاہین کے مقابلے میں مقررہ وقت تک کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے ۔ الیکشن کمشنر نے مزکورہ بالا عہدیداروں کا بلا مقابلہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ جبکہ جنرل سیکرٹری کیلئے اخونزادہ فضل حق اور فلک شیر نے جبکہ نائب صدارت کیلئے فقیر حسین ہوتی اور عامر شعیب نےکاغذات جمع کروائے تھے ۔ لیکن گزشتہ روز فلک شیر جنرل سیکرٹری کے انتخاب کیلئے اخونزادہ فضل حق کے حق میں جبکہ عامر شعیب نائب صدارت کے انتخاب میں فقیر حسین ہوتی کے حق میں دستبردار ہوگئے ۔ جس پر الیکشن کمشنر نے تمام عہدیداروں کا بلا مقابلہ منتخب ہونے کی نوٹیفکیشن جاری کردی ۔ نومنتخب عہدیداروں نے پریس کلب کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
مزید پڑھیں: کم عمری میں مرضی کے خلاف شادی اوردوسرے موضوعات پردوروزہ سیشن کاانعقاد