پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے گیبریل اٹل کو ملک کا نیا وزیر اعظم مقرر کر دیا ہے جو سب سے کم عمر اور پہلے ہم جنس پرست وزیر اعظم ہوں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے 62 سالہ الزبتھ بورن کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ جن کی وزارت عظمیٰ کی مدت دو سال سے کم تھی۔
فرانسیسی صدر میکرون کی نظریں اب اپنی مدت کے بقیہ تین سالوں پر مرکوز ہیں کیونکہ وہ متحرک کابینہ کے ساتھ اپنے عوامی امیج کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
اسی لیے نئے وزیر اعظم کے لیے صدر ایمانوئل میکرون کا انتخاب 34 سالہ گیبریل اٹل پر منحصر ہے، جو فرانس کے سب سے کم عمر اور پہلے ہم جنس پرست وزیر اعظم ہوں گے۔
صدارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ایمانوئل میکرون نے گیبریل اٹل کو وزیر اعظم مقرر کیا اور انہیں حکومت بنانے کا کام سونپا۔ اس ہفتے کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل متوقع ہے۔