
سوات(بیوروپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ریونیو اینڈ اسٹیٹ نذیر احمد عباسی نے سوات کے دور افتادہ علاقہ بحرین میں سروس ڈیلیوری سنٹر کی عمارت کا افتتاح کیا۔ سروس ڈیلیوری سنٹر نے باقاعدہ کام شروع کر دیاہے۔ اس جدید دور میں دور افتادہ علاقے میں سروس ڈیلیوری سنٹر کا آغاز ایک اہم اقدام ہے،جس سے کسی بھی وقت ہر صورت میں علاقے کے لوگوں کو سروسز میسر ہونگی اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ریونیو اینڈ اسٹیٹ نذیر احمد عباسی نے سروس ڈیلیوری سنٹرز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیااور حکام کو ہدایت کی کہ سروس ڈیلیوری سنٹر میں خواتین، معذور افراد اور سینئر سیٹیزن کیلئے علحیدہ علحیدہ کاؤنٹر قائم کیا جائے انہوں نے کہا کہ عوام کو ریونیو کی تمام سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کرنا حکومت خیبر پختونخوا کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ایم پی اے میاں شرافت علی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا سید امتیاز حسین شاہ، ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ نور عالم، ڈائریکٹر لینڈ کمپیوٹر ائزیشن اکبر زمان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حامد خان،اسسٹنٹ کمشنر بحرین جنید آفتاب اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر برائے ریونیو اینڈ اسٹیٹ نذیر احمد عباسی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخو ا سردار علی امین گنڈاپور کے ہدایات کی روشنی میں ضلع سوات کے تقریباً 85فیصد موضع جات کو کمپیوٹر ائز کردیاگیا ہے جبکہ تحصیل بحرین کے ٹوٹل 26 موضع جات ہیں جس کا ریکارڈ کمپیوٹرائزکر کے عوام کے لیے مکمل آن لائن کر دیا گیا ہے اور اب عوام ایک ہی چھت کے نیچے فردات، انتقالات، انتقال کی تصدیق، ریکارڈ کی درستگی، رجسٹری اندراج اور دیگر اراضی سہولیات حاصل کر سکیں گے اور اب مہینوں کا کام گھنٹوں میں ہونا ممکن ہو سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات کے باقی موضع جات کی کمپیوٹرائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے اور انشاء اللہ دسمبر 2025 تک ضلع سوات کے سارے موضع جات کو کمپیوٹرائز کر کے عوام کے لیے آن لائن کر دیا جا ئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت بہت جلد انصاف ای- جائیداد کارڈ لانچ کرے گا جس سے صوبے کے عوام کہیں پر بھی اپنے جائیداد کی معلومات حاصل کرسکیں گے۔