
اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام شہری عقیدے، ذات اور نسل سے قطع نظر قانون کے سامنے برابر ہیں ۔
وہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔
مشاورتی اجلاس میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے اراکین نے شرکت کی۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے پاکستان بھر میں اقلیتوں کو درپیش چیلنجز کے بارے میں لیے شرکاء کے خیالات سنے اور انہیں یہ یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے بامعنی اور موثر اقدامات کیے جائیں گے۔
اپنے خطاب میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حوالے سے اپنی پالیسیاں ان سنہری اصولوں سے اخذ کرتا ہے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں وضع کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی کابینہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی پرچم کے رنگوں میں بھی ہماری مذہبی اتحاد کی جھلک ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے تمام مذاہب میں موجود برداشت، انسانیت اور امن کی عالمی تعلیمات پر زور دیا۔
انہوں نے بعض گروہوں کی طرف سے مذاہب کی غلط تشریح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر نفرت کو فروغ دینے کا باعث قرار دیا۔
انہوں نے صیہونی اور ہندوتوا نظریات کے خطرے کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں کے نظریات عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔
مشعال ملک نے ملک کی ترقی میں پاکستان کی اقلیتی برادری کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے پاکستان کے قیام میں تمام مذاہب کے لوگوں کی کوششوں اور قربانیوں کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے اقلیتوں کو ملک کے اندر اپنے مقدس مقامات کی زیارت یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری پاکستان کے اس عزم کی مثال ہے۔
راہداری کے ذریعے ہزاروں سکھ یاتری سالانہ بنیادوں پر سرحد پار سے اپنے مقدس مقامات کا دورہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں میں بین المذاہب سوسائٹیز کے قیام کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے تمام عقائد کے احترام اور امن کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی نصاب میں مناسب ترامیم پر بھی زور دیا۔
انہوں نے تعلیمی اداروں میں تمام سطحوں پر اقلیتوں کے لیے مخصوص وظائف متعارف کرانے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے لیے مختص تعلیم اور ملازمتوں کے کوٹوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مشعال ملک نے ضلعی سطح کی بین المذاہب کمیٹیوں کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئےکہا کہ ضلعی انتظامیہ کو ان کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے بلانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی بااختیار کمیٹیاں اقلیتوں کو درپیش چیلنجز کے ساتھ نچلی سطح پر فوری اور مؤثر طریقے سے نمٹنے میں مدد دیگا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے آزاد جموں و کشمیر کے شہروں میرپور اور مظفرآباد میں گرجا گھروں کے قیام کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں مندروں کی بحالی کےلئے مرمتی کام کیا جائے گا۔
انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں اور عمل پر مبنی اقدامات پر زور دیتے ہوئے اسے ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اہم قرار دیا