سوات(بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کواپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ قائد عمران خان کی رہائی اور اُن پر جعلی مقدمات کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن تحریک میں پی ٹی آئی کارکنان اور عوام بھر پور حصہ لینگے، قائد عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی کال پر 9 نومبر کو صوابی میں ہونے والے جلسہ میں ملاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی ممبران اسمبلی، قائدین، کارکنان اور عوام بھر پور شرکت کریں گے، اسی دن انٹر چینج پر ملاکنڈ ڈویژن کا قافلہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی قیادت میں جلسہ میں شرکت کرے گا، وہ پشاور میں اپنے دفتر میں سوات ممبران اسمبلی کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے وفد میں ممبر قومی اسمبلی سہیل سلطان ایڈوکیٹ، ایم پی اے علی شاہ خان ایڈوکیٹ، ایم پی اے سلطان روم خان اور ایم پی اے محمد نعیم کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے، پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن کے صدر و صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ قائد عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کی ہر کال پر لبیک کہیں گے، عمران خان کی رہائی اور اُن پر جعلی مقدمات کے خاتمے کیلئے تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے والی ہے انشاء اللہ بہت جلد عمران خان سمیت دیگر آسیران اور مراد سعید ہمارے درمیان ہونگے۔