
تیمرگرہ (اسماعیل انجم سے) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک تحصیل میدان کے صدر ملک شاہد نے کہا ہے کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی طلباء کی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، انھوں نے پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے منظم کھیل کے مقابلوں سے طلباء میں مقابلے کا جزبہ پیدا ہوتا ہے، وہ گزشتہ روز پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے زیر اہتمام سپورٹس گالا کے اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، قبل ازیں تقریب سے میجر وقاص، جماعت اسلامی تحصیل لعل قلعہ کے امیر سعید گل، الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر حفیظ اللہ خاکسار، پاکستان تحریک انصاف میدان کے صدر عنایت اللہ اتمان، ناظم سالم، ملک الرحمن، پرنسپل اسفندیار، پرائیوٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صوبائی صدر امجد علی اور ضلعی صدر عبدالودود، تحصیل جنرل سیکرٹری سعید اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا، پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ سپورٹس گالا کا اختتام گزشتہ روز ایک پرشکوہ تقریب کے ساتھ عمل میں آیا۔ تقریب میں ممتاز تعلیمی شخصیات، کھیل کے ماہرین، اور بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔سپورٹس گالا میں مجموعی طور پر 26 سے زائد نجی تعلیمی اداروں کے 2000 سے زیادہ طلباء و طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ مقابلوں میں ایتھلیٹکس، فٹبال، کرکٹ، باسکٹ بال، والی بال اور ٹیبل ٹینس شامل تھے۔ فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے تحصیل صدر ملک شاہد نے اختتامی تقریب میں کہا کہ وہ ہر سال اس طرح کے کھیل کے مقابلے منعقد کرتے رہیں گے تاکہ طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔ انہوں نے تمام شرکاء کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب کے آخر میں طلباء نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا جس میں قومی ترانے اور ملی نغموں پر مبنی پرفارمنس شامل تھی۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر کے ساتھ ہوا۔