نگران وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے بدھ کے روز الیکشن کمشن سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی اور صوبے میں عام انتخابات کے پرامن اور صاف و شفاف انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں سے متلعق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نگران وزیر اعلی جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت الیکشن کمشن کے ساتھ مل کر صوبے میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائےگی۔
چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیرِ اعلٰی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں موجودہ سیکیورٹی کی صورتِ حال کو مدنظر رکھتے ہوئے عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ سکندر سلطان راجہ نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جلد ہی الیکشن کمشن کی ٹیم صوبے کا دورہ کرے گی جس میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق تمام امور کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔