تل ابیب: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن سے ملاقات میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کا الزام مضحکہ خیز اور ظالمانہ ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر عرب ممالک سے براہ راست اسرائیل پہنچے جہاں انہوں نے صدر اسحاق ہرزوگ سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صدر اسحاق ہرزوگ نے جنوبی افریقہ کی جانب سے اپنے ملک کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر فلسطینیوں کی نسل کشی کا الزام لگانے سے زیادہ مضحکہ خیز اور ظالمانہ کوئی چیز نہیں ہے۔
اسرائیلی صدر نے امریکہ کی جانب سے حمایت کی یقین دہانی پر وزیر خارجہ انتھونی بلینکن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیلی صدر سے ملاقات میں غزہ کو امداد کی ترسیل پر پابندی سمیت جنگ بندی کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت میں دائر کردہ مقدمہ فلسطینیوں کی نسل کشی سے متعلق 84 صفحات پر مشتمل رپورٹ پر مشتمل ہے۔