اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے آج کابل میں افغانستان کے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سے ملاقات کی اور پاک افغان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے دورے کے دوران امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر افغان مہاجرین کے وزیر حاجی خلیل الرحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔
افغان وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین نے مولانا فضل الرحمان کے دورہ افغانستان کا خیرمقدم کیا اور افغانستان کی اندرونی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے دونوں ممالک کے درمیان خلیفہ سراج الدین کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان اندرونی اور بیرونی استحکام لانا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھے گی تو خوشحالی اور امن آئے گا۔ پاکستانی قوم افغانستان کے عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔