کراچی: پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی سال 2024 میں پہلی فلم سے متعلق معلومات سامنے آگئی ہیں۔
پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے شوہر اور ہدایت کار وجاہت رؤف، اداکار علی رحمان اور مومن ثاقب کے ہمراہ ہیں۔
ویڈیو میں علی رحمان میز پر فلم کے اسکرپٹ سے اپنا ڈائیلاگ پڑھ رہے ہیں اور اس کے بعد مومن ثاقب اپنے مضحکہ خیز انداز میں ایک ڈائیلاگ بولتے ہیں جس پر علی رحمان کا کہنا ہے کہ یہ میرا ڈائیلاگ تھا۔
علی رحمان اور ثاقب نے اپنا مذاق جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فلم کی ہیروئن کون ہے؟ اس سوال کے بعد مہوش حیات ویڈیو میں نظر آتی ہیں۔
ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے شازیہ وجاہت نے بتایا کہ “وجاہت رؤف کی ہدایتکاری میں بننے والی نئی فلم ‘دغا باز دل’ 2024 میں عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہوگی۔
اس فلم کی کہانی محسن علی نے تحریر کی ہے، فلم کی ہیروئن مہوش حیات ہوں گی جبکہ اُن کے ساتھ فلم میں اداکار رحمٰن علی اور مومن ثاقب بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔