
لاہور: قائم مقام وزیر اعلیٰ پنجاب اور پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے نامزد چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹ کی بہتری کے لیے متحرک ہو کر پی سی بی کے سی ای او سلمان نصیر کو ملاقات کے لیے بلا لیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سلمان نصیر نامزد بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کو بورڈ چلانے اور کرکٹ کے معاملات سمیت تفصیلی معلومات دیں گے۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد محسن نقوی باقاعدہ چارج سنبھالیں گے۔
گزشتہ روز محسن نقوی نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے بین الصوبائی وزارت کی جانب سے بورڈ میں ذمہ داریوں کی پیشکش قبول کر لی ہے اور کہا تھا کہ وہ اس حوالے سے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ ملکی کرکٹ کو ٹھیک کرنے میں کردار ادا کیا جا سکے۔ محسن نقوی کی نامزدگی کا باضابطہ نوٹیفکیشن کسی بھی وقت متوقع ہے۔
اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اس پورے معاملے میں آئی سی سی کو بھی اعتماد میں لیا جائے تاکہ پی سی بی کے معاملات میں حکومتی مداخلت کے تاثر کو دور کیا جا سکے۔