
چکدرہ (احسان دانش )
جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اقتدار کی تین تین باریاں لینے والے سیاستدان ایک بار پھر عوام کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں ،
گزشتہ روز لوئر دیر کے دورہ کے موقع پر چکدرہ میں استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریئے کا نام ہے مگر 76 سالوں میں نظریہ نافذ نہ ہو سکا ،
طویل حکمرانی کرنے والوں سے پوچھتا یوں آج ملک میں غربت ،
مہنگائی اور بیروزگاری کیوں ہے ،
آج ہر پاکستانی پونے تین لاکھ کا مقروض کیوں ہے ،
سراج الحق نے سوال اٹھایا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود پسماندہ کیوں ہے اور کہا کہ ان تمام مسائل اور معاملات کے ذمہ دار ہمارے حکمران ہیں ،
آج عدالتوں میں انصاف ہے نہ تعلیم اور نہ ہی صحت کی سہولیات موجود ہیں ،
این اے 7 کے امیدوار مولانا محمد اسماعیل اور پی کے 15 کے امیدوار عزیز اللہ خان نے بھی استقبالیہ تقریب سے خطاب کیا ،
سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک شخص کہتا ہے اقتدار ان نانا اور والدہ کی میراث ہے
جبکہ ایک اور شخص مرنے سے پہلے چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بننا چاہتا ہے ،
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور قومی معیشت مستحکم کرنا چاہتی ہے ،
جماعت اسلامی فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والی مخلص اور با کردار لوگوں کی جماعت ہے ،
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ کرپشن ، نا انصافی ، بد امنی ، مہنگائی ، غربت اور بیروزگاری سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارہ پانے کی خاطر 8 فروری کے انتخابات میں جماعت اسلامی کو ووٹ دیں اور یہ ہمارا وعدہ ہے کہ اقتدار میں آکر جماعت اسلامی ملک کو ترقیافتہ اور خوشحال بنائے گی ،
جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ،
انہوں نے باجوڑ میں پی ٹی آئی کارکن ریحان زیب کے قتل پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے ملزمان کی جلد گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی مقتول ریحان زیب کے خاندان کیساتھ کھڑی ہے ،