
سری نگر: ہر سال کی طرح اس سال بھی بھارت کے ناجائز قبضے اور ریاستی جبر کے خلاف مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فوجیوں کی تعیناتی اور اظہار رائے پر جبری پابندیوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔
بھارتی فوج اور پولیس نے گزشتہ روز سے یوم یکجہتی کشمیر کے پیش نظر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی بلاجواز اور غیر قانونی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔
تاہم بہادر کشمیریوں نے کسی بھی ریاستی جبر اور ہتھکنڈوں کے سامنے ہمت نہیں ہاری اور یوم یکجہتی کشمیر پر مودی سرکار کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔
جنت نظیر وادی میں آج بھارتی فوج کے ناجائز قبضے کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے حق میں بینرز لگائے گئے، ریلیاں اور جلسے کیے گئے۔
آج مقبوضہ کشمیر کی طرح دنیا بھر میں یوم کشمیر منایا گیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں ڈاکٹرز، وکلاء، سماجی کارکنان، طلباء اور دیگر شامل ہیں نے ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے۔