سوات(بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صنعت کے متعلقہ حکام نے سوات میں گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کی ملکیتی عمارت کا قبضہ محکمہ کو واپس کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر سوات کو مراسلہ جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ 1991 میں سوات میں گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کا علاقائی ڈپو قائم کیا گیا تھا
جس کیلئے محکمہ نے سیدوشریف میں اراضی خرید کر اس پرسرکاری عمارت تعمیر کرائی تھی تاہم اس عمارت کو اپنے اصل مقصد کیلئے استعمال میں لانے کے بجائے اسے کسی اور محکمے کو الاٹ کیا گیا تھا اور بعد میں اس الاٹمنٹ کو منسوخ کیا گیا۔اس حوالے سے نگران وزیر کے نوٹس میں معلومات آنے پر انھوں نے محکمہ کے متعلقہ حکام کو اس عمارت کو پرنٹنگ کے مقاصد کیلئے عمل میں لانے کی غرض سے اسے واپس حاصل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ سوات سے رابطہ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جس کی پیروی میں نظامت اعلیٰ صنعت و حرفت نے باضابطہ طور پر اس ملکیت کو حاصل کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر سوات کو تحریری خط ارسال کیا ہے۔