صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا ایرانی صدرو دیگر شخصیات کی نا گہانی وفات پر اظہار تعزیت

Spread the love
لاہور:  صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر نجکاری،سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر خارجہ اور گورنر تبریز سمیت جاں بحق ہونے والی شخصیات کے لئے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کی ناگہانی موت پر دل رنجیدہ ہے، فضائی حادثے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں نے نہ صرف ایران بلکہ پورے عالم اسلام کو سوگوار کر دیا ہے۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ بلاشبہ ایران کے لئے یہ سانحہ بڑی افسردگی کا باعث اور ناقابل تلافی نقصان ہے، ہر پاکستانی غم کی اس گھڑی میں ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ اور ان کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے روح فرسا حادثے نے پوری اسلامی برادری کو گہرے غم میں ڈبو دیا ہے۔ دعا ہے اللہ تعالی جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے درجات بلند فرمائے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایرانی صدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر رئیسی خطے میں سیاسی اعتبار سے بلند قامت شخصیت کے مالک اور مضبوط آواز تصور کئے جاتے تھے، ان کے حالیہ دورہ پاکستان سے پاک ایران تعلقات کو نئی شناخت ملی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام اور خطے میں امن کے حوالے سے صدر رئیسی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ انہیں اور اُن کے ساتھیوں کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
دریں اثناء استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان،جنرل سیکرٹری پنجاب و ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان اور سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنماوں نے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت نے پوری قوم کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ آج عالم اسلام ایک زیرک رہنما، مدبر قائد اور بہترین شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ برادر اسلامی ملک ایران اور پوری ایرانی قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ان کی ناگہانی موت اور اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے اور توقع رکھتی ہے کہ با ہمت ایرانی قوم جس صدمے سے دوچار ہوئی ہے اللہ تعالیٰ انہیں ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button