
وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے مانسہرہ کے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ جس طرح انہوں نے عام انتخابات کے موقع پر صرف ایک دن اپنا پولنگ سٹیشن ڈھونڈ کر بحیثیت عمران خان کے سپاہی انہیں ووٹ دیا اور پاکستان تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اب اگلے پانچ سال تک وہ دن رات انکی بے لوث خدمت کیلئے کوشاں رہیں گے اور نہ صرف مانسہرہ بلکہ صوبہ بھر کے عوام کے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ وہ اپنے حلقہ نیابت پی کے 38 مانسہرہ سے معززین علاقہ کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے واثق چن زیب کی زیر قیادت ان سے پشاور میں ملاقات کی اور مانسہرہ کے بعض عوامی اور اجتماعی مسائل و مطالبات سے انہیں آگاہ کیا۔ مشیر سیاحت نے واضح کیا کہ مانسہرہ کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے انہیں وہاں کے ہر علاقے حتی کہ گلی کوچوں کے مسائل کا بخوبی علم ہے جبکہ اس علاقے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کی پسماندگی، غربت اور بیروزگاری کا بھی انہیں احساس ہے اور وہ شروع دن سے ان عوامی مشکلات کو چیلنج سمجھ کر حل کرنے کیلئے پوری تندہی کے ساتھ کوشاں ہیں۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ مانسہرہ ایک پسماندہ مگر سیاحتی نقطہ نظر سے صوبہ کا امیر ترین اور مردم خیز خطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں صرف سیاحت کی صنعت کو ترقی دیکر اسے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک کا خوشحال ترین ماڈل ضلع بنایا جا سکتا ہے اور وہ یہ ہدف پیش نظر رکھ کر اسکی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ زاہد چن زیب نے کہا کہ محکمہ سیاحت نے تحصیل تناول میں سری اور اس جیسے کئی پرفضا مقامات کو ہل سٹیشن ڈکلیئر کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے اور وہاں رابطہ سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت صوبہ کی آمدن کا سب سے بڑا نقد آور ذریعہ ہے اور اس صنعت کو ترقی دیکر خیبرپختونخوا کو معاشی لحاظ سے خودکفیل بنایا جا سکتا ہے۔