
(محمد انس نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر/کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز جناب شاہد خان مہمند نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملاکنڈ زمین خان اور صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز سمیع باچا کے ہمراہ تیسرا آل پاکستان ملاکنڈ لیویز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ یہ تقریب طوطہ کان کے گراسی گراؤنڈ میں منعقد ہوئی مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے علاقے کے نوجوانوں کے لئے صحت افزاء سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر شاہد خان مہمند نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس سے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتیں اُبھرتی ہیں بلکہ انہیں ایک پلیٹ فارم بھی مہیا ہوتا ہے جہاں وہ اپنے جوہر دکھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاکنڈ لیویز نے ہمیشہ علاقے کی بہتری کے لئے کام کیا ہے اور اس طرح کے اقدامات جاری رکھے گی۔