
باجوڑ کے حلقہ پی کے 22 ضمنی الیکشن۔ اے این پی کے نثار باز 11926 ووٹ لیکر اپنی پہلے ہی سیاسی اننگز میں کامیاب قرار پائے۔ آزاد امیدوار نجیب اللہ خان 10622 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار عابد خان 10593ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع باجوڑ کے حلقہ پی کے 22 کے ضمنی الیکشن میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی۔ سابقہ گورنر انجینئر شوکت اللہ خان کے فرزند آزاد امیدوار نجیب اللہ خان 10622 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ جبکہ جماعت اسلامی کے عابد خان 10593 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر ہے۔سنی اتحاد کے راحت اللہ 7146 ووٹ لیکر چوتھے نمبر پر رہے۔ آزاد امیدوار اخترگل 3556 پانچویں، پاکستان پیپلز پارٹی کے عبداللہ نے 519 ووٹ لیکر چھٹے اور آزاد امیدوار نور شاہ 260 ووٹ لیکرساتویں نمبر رہے۔ یاد رہے کہ اس سیٹ پر 21 اپریل کو ضمنی انتخابات ہوئے تھے جس میں مبارک زیب خان نے این اے 8 اور پی کے 22 دونوں سیٹیں جیت لیے تھے جس کے بعد انہوں نے پی کے 22 سیٹ چھوڑ دی جس پر ضمنی انتخابات کا انعقاد ہوا۔ کامیاب ہونے والے امیدوار محمد نثار باز عوامی نیشنل پارٹی باجوڑ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے ایم اے جرنلزم اور ریجنل سٹڈی میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔نثار باز اپنے پہلے سیاسی اننگز میں کامیاب قرار پائے۔