
کراچی: متحدہ عرب امارات نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل کا دورہ کرتے ہوئے ایوی ایشن کارگو سیکٹر میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے اور متحدہ عرب امارات پاکستان کے ہوائی اڈوں کے کارگو سیکٹر میں خصوصی دلچسپی ظاہر کر رہا ہے۔
اس تناظر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی سرکاری ایئرلائن کے حکام کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر کارگو کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کراچی اور دیگر ایئرپورٹس پر کارگو سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کا عمل گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہوا تھا تاہم اب اس حوالے سے باہمی مذاکرات میں تیزی آگئی ہے۔