
سپیشل سیکرٹری ہیلتھ حبیب اللہ خان نے پیراپلیجک سنٹر کے چیئرمین ضیا الرحمٰن کی دعوت پر حیات آباد پشاور میں سنٹر کا دورہ کیا اور پورے جنوبی ایشیا میں ریڑھ کی ہڈی کے امراض میں مبتلا مریضوں کی بحالی کے اس منفرد ادارے کی کارکردگی سے آگاہی حاصل کی۔ ادارے کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے اُنہیں سنٹر کی خدمات، کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ مالی مشکلات کے باوجود پیراپلیجک سنٹر نے مریضوں کی دیکھ بھال اور جامع جسمانی اور نفسیاتی بحالی میں کبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جبکہ انتہائی مشکل حالات میں بھی یہ ادارہ سپائنل کارڈ انجری، پولیو اور کلب فٹ سے متاثرہ بچوں اور مرد و خواتین کو اپنی تمام تر خدمات اور آلات بین الاقوامی معیار کے مطابق بالکل مفت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے سنٹر کو درپیش مسائل سے متعلق استفسار پر بتایا کہ بیڈز کی کمی کی وجہ سے داخلہ کے منتظر مریضوں کو مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے جس کیلئے بیڈز کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے تاہم صوبائی حکومت کے مالی مشکلات کے پیش نظر اس مقصد کیلئے عالمی ڈونرز کی تلاش بھی جاری ہے۔ ڈاکٹر الیاس نے سپیشل سیکرٹری ہیلتھ کو مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ایف آر بنوں میں بننے والے نئے پیراپلیجک سنٹر کی تکمیل اور ریگی ماڈل ٹاؤن میں پیراپلیجک سنٹر کی توسیع سے نہ صرف ادارے پر بوجھ کم ہوجائے گا بلکہ سنٹر کی منفرد خدمات، آلات اور سہولیات کا دائرہ ہیڈ انجریز، دماغی فالج سے متاثرہ لوگوں اور پیدائشی معذور (سی پی) بچوں تک بڑھانے کا موقع بھی مل جائےگا۔ حبیب اللہ خان نے ادارے کی شاندار کارکردگی اور عملے کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے محکمہ صحت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ادارے کی ترقی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو نے اُنہیں یادگاری شیلڈ پیش کی اور ادارے کا دورہ کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔