سوات(بیورورپورٹ)سوات کے خوبصورت سیاحتی مقام مالم جبہ میں برف باری نے علاقے کو سفید چادر میں لپیٹ دیا۔ برف باری کے ساتھ ہی یہاں سرد موسم کا مزہ لینے کے لیے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور مقامی ہوٹل مالکان نے مالم جبہ آنے والے سیاحوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ برف پوش وادی کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو دلچسپ سرگرمیوں میں شامل ہونے کا موقع بھی دیا جا رہا ہے۔اسکینگ کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ مالم جبہ میں جمعہ 13 دسمبر کے روز سے اسکینگ کی سرگرمیاں بھی شروع ہو رہی ہیں جن میں ملک بھر سے اسکینگ کے کھلاڑیوں اور سیاحوں کو شرکت کا موقع ملے گا ۔اسکینگ کی سرگرمیاں نہ صرف کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم ہیں بلکہ سیاحت کو بھی اس سے فروغ ملے گا۔مالم جبہ کے خوبصورت قدرتی مناظر، برف پوش پہاڑ اور اسکینگ کے مواقع سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہیں۔اسکینگ کی سرگرمیوں کے دوران مقامی ثقافتی رنگوں کو بھی پیش کیا جائے گا۔ مقامی موسیقی، روایتی کھانے اور دیگر سرگرمیاں سیاحوں کے لیے یادگار لمحات فراہم کریں گی۔مالم جبہ میں برف پر کھیلے جانے والے یہ کھیل نہ صرف مقامی معیشت کو فائدہ پہنچائیں گے بلکہ عالمی سطح پر سوات کی خوبصورتی اور ثقافت کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔مالم جبہ اسکی ریزارٹ کی انتظامیہ نے سیاحوں کو دعوت دی ہے کہ وہ مالم جبہ کی سیر کریں، برفانی پہاڑوں کا نظارہ کریں، اسکینگ کی دلچسپ سرگرمیاں دیکھیں اور اس حسین وادی کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں۔
….