
سوات(بیورورپورٹ)سوات کے خصوصی افراد کا حکومت سے داد رسی اور خصوصی افراد کیلئے منظور شدہ بلوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کا مطالبہ ،سوات پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے سوات ڈس ایبل فورم کے صدر غلام احد، چیئرمین سید ذوالفقار علی اور دیگر نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی اسمبلیوں میں خصوصی افراد کی حقوق کے حوالے سے جتنے بھی بل پاس ہوئے ہیں ان پر عمل درآمد نہیں ہورہا جس کی وجہ سے ہماری امیدیں دم توڑنے لگی ہیں، اس سلسلے میں ہم نے بار بار آواز بلند کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے ، انہوں نے کہا کہ خصو صی افراد کیلئے آئینی اور قانونی حقوق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، جو کام کاج کے قابل نہیں ان کے لئے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے اور جو کام کاج کے قابل ہیں انہیں کاروبار کے مواقع فراہم کئے جائیں، جو خصوصی افراد تعلیم یافتہ ہیں ان کو اہلیت کے مطابق جاب دیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کا جاب کوٹہ بڑھا کر 10فیصد کیا جائے،جو معذور افراد ابھی تک بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شامل نہیں ان کو اس پروگرام میں شامل کرکے ان کا معاشی قتل بند کیا جائے، پاکستان بیت المال سوات میں خصوصی افراد کیلئے سالانہ 30 ہزار روپے مقرر ہیں جو ہمیں نہیں مل رہے سوشل ویلفئیر کے ذمے دار اس کے خلاف کارروائی کریں ، خصوصی افراد کا فنڈ جو کئی سال سے بند ہے اور اس کیلئے ہم نے حکومت کے اعلیٰ حکام سے بار بار رابطے کئے لیکن بات صرف یقین دہانی تک محدود ہے لہذا ہم صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں ہمارے آئینی اور قانون حقوق دلائے جائیں۔