
اسلام آباد: حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرسکتی ہے۔
حکومت نے یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں کرلیں، پیٹرول ساڑھے 4 روپے اور ڈیزل ڈھائی روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 2,92 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ 15 دنوں سے اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ گزشتہ روز برینٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 81 ڈالر 44 سینٹس فی بیرل تھی۔
ذرائع کے مطابق اوگرا قیمتوں سے متعلق اپنی حتمی ورکنگ 29 فروری کو وزارت پیٹرولیم کو بھیجے گا۔ حتمی قیمتوں کا اعلان وزیر خزانہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق یکم سے 15 مارچ تک رہے گا۔