لویر دیر۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا تمام مسائل کا واحد حل شفاف اور بروقت عام انتخابات کا انعقاد ہے دوبارہ کسی لاڈلے کو مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع دیر پائین کے علاقے رباط میں عام انتخابات کے حوالے سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا جلسے سے مرکزی ترجمان اور حلقہ این اے 7 سے پارٹی کی امیدوار سینیٹر زاہد خان ،ضلعی صدر حاجی بہادر خان ،سینیئر نائب صدر ملک سجاد خان یوسف زئی، جنرل سیکرٹری اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار ملک محمد زیب پارٹی کے بانی رہنما ملک محمد ایوب ودیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ا۔یمل خان کا کہنا تھا کہ پختون سڑزمین پرجاری موجودہ جنگ کفر اور اسلام کا نہیں بلکہ وسائل کی تقسیم کا ہے ایک سازش کے تحت پختون بچے کی منہ سے نوالہ چھیننا جاری ہے ،پختون مسلمان اور محب وطن پاکستانی ہے مگر اس کے باوجود غداری کے فتوے ہم ہی پر لگائے جا رہے ہیں ایمل ولی خان نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی اور خود کش حملوں کے حوالے سے علماء کرام کی خاموشی معنی خیز ہے۔ ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ مسائل کا واحد حل وسائل کی منصفانہ تقسیم میں پنہاں ہے انہوں نے کہا کہ آٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبائی خود مختاری دیکر فیڈریشن کو مضبوط کیا گیا اگر صوبائی خود مختاری اور اٹھارویں ترمیم پر حملہ کیا گیا تو یہ ملک کی وحدت کو پارہ پارہ کر دے گا۔ایمل ولی خان نے واضح کیا کہ 2018 کے عام انتخابات میں لاڈلے کو مسلط کرنے کے لیے ار ٹی ایس کو فیل کیا گیا اگر اگلے عام انتخابات میں کسی بھی لاڈلے کو مسلط کرنے کی سازش کی گئی تو یہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ماضی میں عوامی مینڈیٹ کے بغیر دیر پائین میں میگا ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جو کہ تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی واضح اکثریت حاصل کرے گی۔