
پریس ریلیز
مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سمیت کویت کی پاکستان سے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر آمادگی
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور کویت کے سفیر کے مابین مربوط انداز میں آگے بڑھنے پر اتفاق
پاکستانی معیشت کی مضبوطی اور باہمی اشتراک میں ہر ممکن تعاون کریں گے: عبدالرحمن المطیاری
اسلام آباد۔ 22 جولائی۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان اور پاکستان میں کویت کے سفیر عبدالرحمن جے المطیاری کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور زیادہ مربوط انداز میں آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کویت سے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بات چیت کی اور” بزنس ٹو بزنس” اور” گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ "کی بنیادو پر مختلف منصوبوں کے لئے باہمی اشترا ک پرآمادگی ظاہر کی گئی۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کویت سے پاکستان کے لئے سرمایہ کاری کے لئے پیش رفت چاہتے ہیں جس کے لئے بالخصوص نجی شعبے کی طرف سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
پاکستان میں کویت کے سفیر عبدالرحمن جے المطیاری نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کو یقین دلایا کہ اُن کی حکومت پاکستان کی معیشت کی مضبوطی اور باہمی اشتراک کے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کویت کے لئے پاکستان سے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور انشاء اللہ دو طرفہ تمام معاہدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ عبدالرحمن جے ا لمطیاری نے مزید کہا کہ وہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں اور انشاء اللہ حال ہی میں ہونے والے کویتی اداروں کے تمام معاہدوں کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور کویت کے سفیر عبدالرحمن جے المطیاری کے مابین باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ کویت کے سفیر عبدالرحمن جے المطیاری نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے حالیہ دورہ کویت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کے اس دورے سے کویت اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تجارت کے فروغ کو خاطر خواہ مدد ملی ہے جس کے آنے والے دنوں میں مزید مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
٭٭٭